یلاپور 3 مارچ (ایس او نیوز) یلاپور نیشنل ہائی وے 63 پر ایک گیس سے بھری ٹینکر اُلٹ جانے سے کچھ دیر کے لئے عوام میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی، کافی وقت کے لئے نیشنل ہائی وے پر سواریوں کی آمد ورفت کو بھی روکنا پڑا مگر بعد میں اس بات کی تصدیق ہونے کے بعد کہ گیس کا رساو نہیں ہورہا ہے اور ٹینکر محفوظ ہے ، عوام نے راحت کی سانس لی اور ٹریفک نظام بحال کیا گیا۔
حادثہ منگل شام کو اُس وقت پیش آیا جب گیس سے بھری ٹینکر چینائی سے گوا جارہی تھی کہ یلاپور آربیل ہائی وے پر ڈرائیور کے ہاتھوں بے قابو ہوکر اُلٹ گئی۔ حادثہ میں تمل ناڈو کے رہنے والے ڈرائیور پُنّا سوامی کو معمولی چوٹیں آئی ہیں، جبکہ گیس کا رسائو نہ ہونے سے بڑا حادثہ ٹل گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ حادثہ کے فوری بعد فائر بریگیڈ کا جائے وقوع پر پہنچی، گیس کے تعلق سے جانکاری حاصل کرنے انکولہ سے ایک ٹیم بھی موقع پر پہنچ کر اس بات کی تصدیق کی کہ ٹینکر محفوظ ہے اور گیس لیک نہیں ہورہی ہے۔ رات تک مینگلور سے گیس ٹینکر کو اُٹھانے والی کرین بھی پہنچ گئی جبکہ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر ایک دوسری خالی ٹینکر کو بھی لاکر پلٹنے والی ٹینکر میں سے گیس کو منتقل کیا گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی یلاپور پی ایس آئی منجوناتھ گوڈا اپنے عملہ کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچ گئے تھے اور ضروری حفاظتی اقدامات اُٹھائے تھے، بعد میں انکولہ سے ایل پی جی گیس کے ماہرین کی ٹیم بھی پہنچ گئی جس کی قیادت پرکاش کررہے تھے۔